Wednesday, September 2, 2020

مکیں کے جلوے مکاں سے پہل

پیشِ خدمت ہے خاکسار کا انتخاب، بہار اور خزاں کے حقیقت آشنا قلوب کے لئے بطور خاص۔۔۔۔۔،



لطیف پردوں سے تھے نمایاں مکیں کے جلوے مکاں سے پہلے 

محبت آئینہ ہو چکی تھی وجود بزم جہاں سے پہلے 



نہ وہ مرے دل سے با خبر تھے نہ ان کو احساس آرزو تھا 

مگر نظام وفا تھا قائم کشود راز نہاں سے پہلے 



ہر ایک عنوان درد فرقت ہے ابتدا شرح مدعا کی 

کوئی بتائے کہ یہ فسانہ سنائیں ان کو کہاں سے پہلے 



مسرتیں رازدار غم تھیں مسرتوں میں الم تھا پنہاں 

جبھی تو صحن چمن میں شاید بہار آئی خزاں سے پہلے 



سمجھ رہا تھا کہ نا امیدی نہ پردہ دار امید ہوگی 

نظر اٹھا کر جو میں نے دیکھا غبار تھا کارواں سے پہلے 



اٹھا جو مینا بدست ساقی رہی نہ کچھ تاب ضبط باقی 

تمام مے کش پکار اٹھے یہاں سے پہلے یہاں سے پہلے 



قسم فریب نگاہ و دل کی ہمیں تو اس جستجو نے کھویا 

وہیں تھی دراصل اپنی منزل قدم اٹھے تھے جہاں سے پہلے 



ازل سے شاید لکھے ہوئے تھے شکیلؔ قسمت میں جور پیہم 

کھلی جو آنکھیں اس انجمن میں نظر ملی آسماں سے پہلے



کلامِ شکیل بدایونی 

پیشکش ذکی انور ہمدانی 

Saturday, May 23, 2020

عید کا عالم

 عید کا چاند نظر آنے کی خبر سن کر خاکسار کے جذبات و خیالات جنبشِ قلم سے کاغذ کے سینے پر منتقل ہو گئے.... امید ہے کہ پسند آئیں گے..... 



لو چاند نظر آیا مژدہ وہ سنا لایا

کل عید کا عالم ہے مہتاب کا ہو عالم


ملبوس نئے ہر سو، ملبوس جواں کل سب

سنجاب کی رنگ پاشی کمخواب کا ہو عالم


خوشبو کے جزیروں سے نکلیں گے خزینوں سنگ

ہر راہ یہ مہکائیں احباب کا ہو عالم


عیدی کا ہو منظر یہ، ہر بچہ ہوے شامل

کچھ شوخ تبسم ہو ایجاب کا ہو عالم


معصوم فرشتوں کی آنکھوں کی چمک دیکھیں 

نیلم و زمرد کی سی تاب کا ہو عالم


پھر شرم کے رنگوں میں کچھ شوخ کی آمیزش

یوں ماہ جبینوں کے آداب کا ہو عالم


پھر عید میں ہوں شامل، کچھ شام کے نغمے بھی

اس وقت سبھی وجداں، خوش آب کا ہو عالم 


جب شام کے شانوں پر، بکھریں گی سیاہ زلفیں

تب نور کا ہو عالم، مہتاب کا ہو عالم 


سیماب صفت قلبم، سیماب سدا مضطر

پر عید جو آجائے اک خواب کا ہو عالم


کلامِ ذکی انور ہمدانی

مورخہ 23 مئی 2020 


تمام احباب کو عید الفطر کی مبارکباد، خاکسار کو دعاؤں میں یاد رکھیں...